اہم ترین

کوہلی اور گیل کی ہمسری اور پی ایس ایل میں 4000 رنز: بابر کے ایک ہی دن 2 ریکارڈ

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور نمایاں سنگِ میل حاصل کر لیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک بڑا ریکارڈ برابر کر دیا۔

اس میچ میں بابر اعظم نے کوسال مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ پر 109 رنز کی مضبوط شراکت بنائی۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 46ویں سنچری پارٹنرشپ تھی، جس کے ساتھ وہ دنیا میں سب سے زیادہ بار 100 رنز کی شراکت میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

اس کارنامے کے بعد انہوں نے ویرات کوہلی اور کرس گیل کے ریکارڈ کی برابری کر لی، تاہم خاص بات یہ ہے کہ بابر نے یہ اعزاز کم اننگز میں حاصل کیا۔ جہاں گیل نے 455 اور کوہلی نے 400 اننگز میں یہ مقام حاصل کیا، وہیں بابر نے صرف 339 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

اسی میچ میں ایک اور بڑی کامیابی بھی ان کے نام رہی جب بابر اعظم پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں 4000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

بابر اعظم کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کی مستقل مزاجی کا ثبوت ہے بلکہ انہیں جدید دور کے بہترین ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں میں نمایاں مقام بھی دلاتی ہے۔

پاکستان