اہم ترین

سعودی عرب کے دفاع کیلئے پاک فوج کے دستے اور جنگی طیار ےپہنچ گئے

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے جنگی طیارے اور فوجی دستے دوطرفہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جس کا مقصد مملکت کی سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

ڈی ڈبلیو کےمطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس باہمی دفاعی معاہدےکی تجدید ہوئی تھی۔ جس کے تحت سعودی عرب پر کوئی بھی حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔

ایران اور امریکا کے درمیان جہاں ایک جانب اسلام آبادمیں مذاکرات جاری ہیں ۔ وہیں پاکستان نے اپنے دستے سعودی عرب بھجوادیئے ہیں۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق پاکستانی جنگی طیارے اور معاون طیارے شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر اتارے جا چکے ہیں، جبکہ فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد دفاعی تعاون بڑھانا اور علاقائی و عالمی امن کو فروغ دینا ہے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کرتا آ رہا ہے، جس میں تربیتی پروگرامز اور عسکری مشاورت شامل ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی مختلف ادوار میں پاکستان کو معاشی معاونت فراہم کی ہے۔

اسی سلسلے میں سعودی وزیر خزانہ محمد ال جدان حال ہی میں پاکستان کے دورے پر موجود تھے تاکہ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ 2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تھا، جس میں اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ اور تیل کی مؤخر ادائیگی کی سہولت شامل تھی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ تازہ پیش رفت نہ صرف دفاعی شراکت داری کو نئی جہت دے رہی ہے بلکہ خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان