اہم ترین

ایران اور امریکا کےدرمیان کشیدگی میں کوششیں جاری رکھیں گے: پاکستان

پاکستان نے امریکا اور ایران کےدرمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کےبےنتیجہ ختم ہونےکے بعد نائب وزیرِ اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابلِ اطمینان ہے کہ دونوں فریقوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز کو مثبت انداز میں قبول کیا اور مذاکرات میں شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا حالیہ مذاکرات کے دوران پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور مکالمے کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جی ڈی وینس جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی محمد باقر قالیبافنے کی۔ اس موقع پر پاکستانی عسکری قیادت، بھی سفارتی عمل میں شریک رہی۔

اسحاق ڈار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مرحلوں پر مشتمل یہ مذاکرات نہایت سنجیدہ مگر مثبت ماحول میں ہوئے اور بالآخر اپنے اختتام کو پہنچے۔ دونوں ممالک مستقبل میں بھی تعمیری رویہ اپناتے ہوئے جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ بھی اس اہم سفارتی عمل میں سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کی جانب سے پاکستانی کوششوں کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیا۔

پاکستان