اہم ترین

میٹا کا ڈیجیٹل سی ای او: مارک زکربرگ کا اے آئی ورژن کمپنی سنبھالنے کو تیار

سوشل میڈیا کی دنیا کی بڑی کمپنی میٹا اب اپنے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ کا ایک مصنوعی ذہانت (اے ائی) سے لیس ڈیجیٹل اوتار تیار کر رہی ہے۔ یہ ڈیجیٹل زکربرگ نہ صرف کمپنی کے اندر ملازمین کے ساتھ بات چیت کر سکے گا بلکہ اہم معاملات میں ان کا نمائندہ بھی بنے گا۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، میٹا ایک 3 ڈی فوٹو رئیلسٹک اے آئی کریکٹر بنا رہی ہے جو زکربرگ کے اندازِ گفتگو، ان کی عوامی تقاریر اور کمپنی کی حکمت عملی پر مبنی خیالات سے لیس ہوگا۔

یہ اے آئی سسٹم ملازمین کو ریئل ٹائم میں فیڈ بیک دے سکے گا اور اندرونی میٹنگز میں مارک زکربرگ کی جگہ شرکت بھی کر سکتا ہے۔ خود مارک زکربرگ اس پروجیکٹ کی ٹیسٹنگ میں براہِ راست شامل ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اے آئی ان کے قائدانہ انداز کی درست عکاسی کرے۔

میٹا اپنی ورکنگ کلچر میں بھی بڑی تبدیلیاں لا رہی ہے۔ اب کمپنی مڈل مینجمنٹ کی تہوں کو کم کر کے اے آئی بیسڈ رپورٹنگ سسٹم اپنا رہی ہے۔ کچھ معاملات میں ایک مینیجر کے ماتحت 50 تک انجینئرز کام کر سکیں گے، کیونکہ روایتی رپورٹنگ کی جگہ اب اے آئی کے ذریعے تیار کردہ سسٹم لے رہا ہے۔

میٹا خود کو اے آئی کی دوڑ میں گوگل اور اوپن اے آئی سے آگے رکھنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ کمپنی اے آئی انفراسٹرکچر پر 115 سے 135 ارب ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

اسیطرح 2028 تک یہ سرمایہ کاری 600 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جس میں ڈیٹا سینٹرز کی توسیع اور اے آئی ٹیلنٹ کی بھرتی شامل ہے۔

میٹا کا یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ کمپنی اب صرف ایپس بنانے تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ خود کو ایک اے آئی فرسٹ کمپنی میں تبدیل کر رہی ہے، جہاں قیادت سے لے کر مینجمنٹ تک ہر سطح پر مصنوعی ذہانت کا راج ہوگا۔

پاکستان