اہم ترین

فلم میرا لیاری کی دھوم: یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب

لیاری کے اسپورٹس کلچر اور مقامی تہذیب پر مبنی فلم “میرا لیاری” نے بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یہ فلم لندن میں منعقد ہونے والے 28 ویں یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں اس کا پریمیئر 2 مئی کو ہوگا۔

فلم میرا لیاری کی کہانی لیاری کے فٹ بال اور باکسنگ کلچر، وہاں کی منفرد ثقافت اور خاص طور پر خواتین کی خودمختاری کے گرد گھومتی ہے۔ یہ فلم لیاری کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثرات کو ختم کر کے اس کا ایک روشن اور مثبت چہرہ پیش کرتی ہے۔

فلم 8 مئی 2026 کو پاکستان بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی، جس کا شائقینِ فلم کو شدت سے انتظار ہے۔ تاہم اس سے قبل ہی فلم بین الاقوامی سطح پر خوب دھوم مچارہی ہے۔

فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ کے مطابق، فلم کا نام پہلے ’بہناز‘ رکھا گیا تھا، تاہم بھارتی پروپیگنڈا فلم ’دھریندر‘ کے جواب میں اسے ’میرا لیاری‘ میں تبدیل کر دیا گیا۔

سندھ حکومت نے اس فلم کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا بھرپور جواب قرار دیا ہے۔ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اس فلم کی ملک بھر میں ریلیز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

معروف سوشل میڈیا اسٹار دنا نیر مبین اس فلم کے ذریعے بڑے پردے پر قدم رکھ رہی ہیں۔فلم کے دیگر اہم اداکاروں میں نئیر اعجاز، سمیعہ ممتاز اور عدنان شاہ شامل ہیں۔

اداکارہ عائشہ عمر نے نہ صرف اس فلم میں اداکاری کی ہے بلکہ وہ بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی شامل ہیں۔

عائشہ عمر نے 2024 میں فلم ‘ٹکسالی گیٹ’ سے بطور پروڈیوسر اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان