اہم ترین

پاکستان کی امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کے لئے اسلام آباد آنے کی دعوت

پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مذاکرات کے ایک اور دور کی میزبانی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

امریکی نیوزایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق پاکستان نے یہ تجویز دی ہے کہ موجودہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل اسلام آباد میں مذاکرات کا دوسرا مرحلہ منعقد کیا جائے۔

رپورٹ میں دو پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان ان اہم مذاکرات کے لیے میزبانی کے لیے تیار ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ فریقین (امریکا اور ایران) کی مرضی پر منحصر ہوگا کہ آیا وہ کسی اور مقام پر ملنا چاہتے ہیں یا اسلام آباد کو ترجیح دیتے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والے پہلے دور کے مذاکرات کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے تھے، تاہم پاکستان کی وزارت خارجہ اور اعلیٰ حکام اس سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے اور جنگ کے خطرات کو ٹالا جا سکے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجویز سفارتی عمل کو زندہ رکھنے کی ایک کوشش ہے تاکہ 22 اپریل کو جنگ بندی ختم ہونے سے پہلے کوئی راستہ نکالا جا سکے۔

گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اب بھی امریکا ایران میں دوبارہ مذاکرات کا موقع موجود ہے۔ اسلام آباد مذاکرات کے بعد کوئی منفی بات نظر نہیں آئی، مثبت پہلو نظر آرہے ہیں، اگلی نشست تک ان شاءاللّٰہ کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

پاکستان