میراڈونا کی طبی ٹیم پر ہی لیجنڈ فٹبالر کے قتل کا الزام؛ مقدمہ ایک سال بعد دوبارہ شروع

ارجنٹائن میں فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت سے متعلق مقدمہ کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

ڈیاگو میراڈونا نومبر 2020 میں 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جب وہ دماغ کی سرجری کے بعد صحت یاب ہو رہے تھے۔ ان کی موت ہارٹ فیل اور پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے (پلمونری ایڈیما) کے باعث ہوئی تھی۔

استغاثہ کے مطابق ان کی دیکھ بھال کرنے والی سات رکنی طبی ٹیم نے ان کے علاج کے دوران شدید غفلت برتی۔ اس ٹیم میں شامل ڈاکٹرز، ماہرین نفسیات اور نرسز پر ممکنہ ارادے کے ساتھ قتل جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں 8 سے 25 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل مقدمہ مئی 2025 میں اس وقت کالعدم قرار دے دیا گیا تھا جب یہ انکشاف ہوا کہ ایک جج کیس پر مبنی دستاویزی فلم میں شامل رہی تھیں، جسے اخلاقی ضابطے کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ بعد ازاں جج کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

نئے ٹرائل میں تقریباً 120 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے، جبکہ عدالت اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا میراڈونا کی موت میں طبی ٹیم کی غفلت کا کردار تھا یا نہیں۔ دفاعی وکلا کا مؤقف ہے کہ میراڈونا کی موت طبعی وجوہات کی بنا پر ہوئی۔

یہ مقدمہ جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ میراڈونا کی وفات پر دنیا بھر خصوصاً ارجنٹائن میں لاکھوں افراد نے غم کا اظہار کیا تھا۔