خبردار: حج قواعد کی خلاف ورزی پرایک لاکھ ریال تک جرمانہ اور 10سال پابندی ہوگی

سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے حج کے لیے مقررہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ ایسے افراد کو پناہ دینے، چھپانے یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والوں کو 100 ہزار ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ سزائیں ان افراد پر بھی لاگو ہوں گی جو وزٹ ویزے پر مکہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی کوشش کریں گے۔ یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گی۔

وزارت کے مطابق اگر کوئی شخص ایسے فرد کے لیے وزٹ ویزا حاصل کرتا ہے جو بغیر اجازت حج کرنے کا ارادہ رکھتا ہو تو اس پر بھی 100 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا، جبکہ متعدد افراد کے لیے ویزے حاصل کرنے کی صورت میں جرمانہ بھی اسی تناسب سے بڑھ جائے گا۔

اسی طرح ایسے افراد جو وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ فراہم کریں یا اس کی کوشش کریں، ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید برآں ہوٹلوں، اپارٹمنٹس، نجی گھروں یا دیگر رہائشی مقامات پر غیر قانونی حجاج کو ٹھہرانے یا مدد فراہم کرنے والوں پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، اور جرمانے کی رقم افراد کی تعداد کے مطابق بڑھتی جائے گی۔

وزارتِ داخلہ نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان کے سعودی عرب میں داخلے پر 10 سال کی پابندی عائد ہوگی۔

اس کے علاوہ عدالت سے ان گاڑیوں کی ضبطی کی درخواست بھی کی جائے گی جو ایسے افراد کی نقل و حمل کے لیے استعمال کی گئی ہوں۔

حکام کے مطابق متاثرہ افراد 30 دن کے اندر اپیل دائر کر سکتے ہیں، جبکہ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

وزارت نے شہریوں، مقیم افراد اور تمام ویزا ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ حج ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع مکہ مکرمہ میں 911 نمبر پر دیں۔