پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام چاہتے ہیں کہ سرفراز احمد ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالیں، جس کے لیے انہیں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ہیڈ کوچ کی تبدیلی کے باوجود شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر برقرار رکھے جانے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان کو مستقبل قریب میں بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف تین اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں، جس کے لیے بورڈ ایک مضبوط مینجمنٹ ڈھانچہ تشکیل دے رہا ہے۔
سرفراز احمد کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں اور کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے 54 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریباً 3000 سے زائد رنز اسکور کیے ہیں، جن میں 4 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے نام 150 سے زائد شکار (کیچز اور اسٹمپنگ) درج ہیں۔
وہ موجودہ ڈومیسٹک سیزن میں متحرک ہونے کے ساتھ ساتھ قومی سلیکشن کمیٹی کے اہم رکن کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں۔











