اہم ترین

برازیل میں آئندہ صدر کے لئے ووٹرز کو چیٹ بوٹس مشورے دینے لگے

برازیل میں اکتوبر 2026 میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے چھ ماہ قبل ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ برازیل کی انتخابی عدالت کی جانب سے واضح پابندی کے باوجود، مصنوعی ذہانت کے مشہور چیٹ بوٹس صارفین کو یہ مشورے دے رہے ہیں کہ انہیں کس امیدوار کو ووٹ دینا چاہیے۔

رواں سال مارچ میں برازیل کی اعلیٰ انتخابی عدالت نے نئے قوانین متعارف کرائے تھے، جن کے تحت چیٹ بوٹس کو کسی بھی امیدوار کی درجہ بندی کرنے، رائے دینے یا ووٹنگ سے متعلق مشورے فراہم کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ عدالت کا مقصد غلط معلومات کے پھیلاؤ اور ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کو روکنا تھا۔ تاہم، خبر رساں ادارے اے ایف پی کی تحقیقات کے مطابق، چیٹ جی پی ٹی ، گروک اور جیمنی جیسے بوٹس اب بھی امیدواروں کا موازنہ کر رہے ہیں۔

جب چیٹ بوٹس سے پوچھا گیا کہ 2026 کے انتخابات کے لیے بہترین امیدوار کون ہے؟ تو انہوں نے مختلف سیاست دانوں کے نام تجویز کیے۔

چیٹ جی پی ٹی نے ساؤ پالو کے گورنر ٹارسیسیو ڈی فریٹاس اور رومیو زیما کو تکنیکی طور پر بہترین آپشن قرار دیا۔

برازیل کے موجودہ صدر لولا ڈی سلوا کو ان کے وسیع تجربے پر سراہا گیا لیکن ان کی 80 سالہ عمر پر تنقید بھی کی گئی۔

سابق صدر جائر بولسونارو کے بیٹے فلاویو بولسونارو (جو موجودہ صدر کے اہم حریف ہیں) کو فہرستوں میں آخری نمبر پر رکھا گیا یا مکمل نظر انداز کیا گیا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی ٹولز کی جانب سے فراہم کردہ معلومات جانبدارانہ یا غلط ہو سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ‘ایکس’ کے چیٹ بوٹ ‘گرک’ نے ایک ایسی تصویر کو اصلی قرار دیا جو کہ حقیقت میں جعلی تھی اور جس میں فلاویو بولسونارو کو ایک متنازع کاروباری شخصیت کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنی صارف کے اشاروں پر مبنی جوابات دیتا ہے جو ضروری نہیں کہ کمپنی کے نظریات کی عکاسی کریں۔ اوپن اے آئی کے مطابق ان کے ماڈلز کو کسی خاص امیدوار کی حمایت نہ کرنے کی تربیت دی گئی ہے اور وہ اس میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔

پاکستان