بنگلا دیش ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں شان مسعود کو بدستور ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ چار نئے کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کردہ اسکواڈ میں شان مسعود، عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا، جہاں کھلاڑیوں کی تیاریوں کا سلسلہ یکم مئی تک جاری رہے گا۔

شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 2 مئی کو بنگلا دیش روانہ ہوگی، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں شریک کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔

ادھر سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلا دیش کے دورے کے لیے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق کو بیٹنگ کوچ اور عمر گل کو بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

یہ سیریز پاکستان ٹیم کے لیے اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے، جہاں نئے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ٹیم کی کارکردگی پر اثرانداز ہوگا۔