آج بھی خدا سے پوچھتی ہوں کہ میرا اصل وقت کب آئے گا؟: عُرفی جاوید

اپنے انوکھے لباس اور بے باک انداز کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہنے والی عرفی جاوید ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کا لباس نہیں بلکہ ان کے دل کا وہ درد ہے جو ایک جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے سامنے آیا ہے۔

عرفی جاوید نے ‘بگ باس او ٹی ٹی’ اور ‘اسپلٹس ولا’ جیسے شوز سے اپنی پہچان بنائی، آج بھی ایک بڑے بریک کی تلاش میں ہیں۔

انسٹاگرام پر اپنی زندگی کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے عرفی نے بتایا کہ انہیں امید تھی کہ ان کی سیریز ‘فالو کر لو یار’ ان کی زندگی بدل دے گی، مگر ایسا نہ ہو سکا۔ میں آج بھی خدا سے پوچھتی ہوں کہ میرا اصل وقت کب آئے گا؟

عرفی نے اپنے پوسٹ میں انکشاف کیا کہ اداکارہ بننے تک کا سفر ان کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا۔ انہیں سیاست دانوں سے لے کر عام لوگوں تک نے نہ صرف برا بھلا کہا بلکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ عرفی کے مطابق، مجھے اتنی بار پولیس اسٹیشن جانا پڑا کہ اب گنتی بھی یاد نہیں۔

اداکارہ نے انتہائی جذباتی انداز میں بتایا کہ وہ طویل عرصے تک صرف تنقید اور گالیاں ہی سنتی رہی ہیں۔ ایک وقت ایسا تھا کہ جب کوئی میری تعریف کرتا تھا تو میں رو پڑتی تھی، کیونکہ مجھے صرف گالیاں سننے کی ہی عادت ہو گئی تھی۔ میں نے جو کچھ بھی کیا صرف اس لیے کہ لوگ مجھے اپنائیں اور میرے کام کی تعریف کریں۔

عرفی جاوید نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے لیے ایک مشکل راستہ چنا تھا اور دنیا ان کے لیے بالکل بھی رحم دل ثابت نہیں ہوئی۔