اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دور منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ایران اور امریکا مذاکرات کے دوسرے مرحلے کےلیے غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیمیں اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہیں ۔
راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اہم شاہراہوں پر پولیس نے اضافی نفری تعینات ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ریڈزون اور کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک محدود کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جی 5 ، جی 6 ، جی 7 ، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشیوں کو راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
راولپنڈی بارانی یونیورسٹی کو ایک ہفتے کے لئے بند جب کہ 26 اپریل تک کلاسز کو آن لائن کردیا گیا ہے۔ اسی طرح بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں 20 سے 24 اپریل تک تمام کلاسز آن لائن ہوں گی، 20 اور 21 اپریل کے مڈ ٹرم امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے کے 50 فیصد ملازمین کیلئے ورک فرام ہوم کی سہولت ہوگی۔



