منی لانڈرنگ کیس: جیکولین فرنانڈس اپنے ہی بوائے فرینڈ کےخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار

بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے 200 کروڑ بھارتی روپے کے ہائی پروفائل منی لانڈرنگ کیس میں سرکاری گواہ بننے کےلئےتیار ہوگئی ہیں ۔

بھارتی میڈیا کےمطابق سکیش چندر شیکھر نامی شخص پر فراڈ اور اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ انہوں نے فراڈ اور دیگر ناجائزذرائع سےحاصل ہونے والی دولت کو اپنی گرل فرینڈز پر بھی خوب لٹایا۔ ان میں سےایک بھارتی اداکارہ جیکولین فرنانڈس بھی ہے۔

کیس سے جان چھڑانے کےلئے جیکولین فرنینڈس نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ جس میں کہا گیاہے کہ وہ اس سارے معاملے میں وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے۔

جیکولین نے عدالت کو بتایا کہ وہ تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہتی ہیں اور سچ کو سامنے لانے میں مدد دینا چاہتی ہیں۔ اگر انہیں اپروور کا درجہ مل جاتا ہے تو وہ ملزم کے بجائے گواہ کے طور پر کیس کا حصہ بن سکتی ہیں، تاہم اس کے لیے عدالت کی منظوری ضروری ہوگی۔

دوسری جانب معاملے کی تحقیقات کرنے والے ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جیکولین کی درخواست پر سخت اعتراض اٹھایا ہے۔

ادارے کا مؤقف ہے کہ یہ درخواست مبہم اور نامکمل ہے، اس لیے انہیں جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے اسے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت دے دی ہے۔

جیکولین پہلے بھی یہ مؤقف اختیار کر چکی ہیں کہ انہیں سکیش کے مجرمانہ پس منظر کا علم نہیں تھا اور انہیں غلط معلومات دے کر اس کیس میں پھنسا دیا گیا۔