ایشین ہاکی فیڈریشن نے انڈر 18 ایشیا کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 29 مئی سے 6 جون تک جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلا جائے گا، جہاں ایشیا کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے الگ الگ مقابلے ہوں گے، جبکہ مینز ایونٹ میں 9 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں بھارت، کوریا، جاپان، چائنیز تائپے اور قازقستان شامل ہیں، جبکہ پول بی میں پاکستان، ملائیشیا، بنگلہ دیش اور چین کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز 30 مئی کو چین کے خلاف میچ سے کرے گا۔ گرین شرٹس کا دوسرا میچ 31 مئی کو ملائیشیا کے خلاف جبکہ تیسرا میچ 3 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جائے گا۔
گروپ مرحلے کے میچز یکم جون تک جاری رہیں گے، جس کے بعد 5 جون کو سیمی فائنلز اور پوزیشن میچز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 6 جون کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایونٹ کی تیاری کے لیے ملک بھر میں ٹرائلز منعقد کیے، جبکہ انڈر 18 نیشنل چیمپئن شپ کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کو پول بی میں ٹاپ پوزیشن کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔


