چاغی میں کان پر دہشتگردوں کے حملے میں غیر ملکی شہری سمیت 10 افراد جاں بحق

چاغی میں تانبے اور سونے کی ایک کان پر مسلح افراد کے حملے میں ایک غیر ملکی سمیت کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اے ایف پی کے مطابق چاغی کے علاقے داریگوان میں موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار 40 مسلح افراد نے کان کنی کے مقام پر دھاوا بول دیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں چھ مزدور، تین سیکیورٹی گارڈز اور ایک ترک شہری شامل ہیں، جبکہ ایک اور ترک شہری کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے۔ اس واقعے میں آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مقامی انتظامیہ اور پولیس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم ماضی میں اس نوعیت کے حملوں میں مقامی علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آتے رہے ہیں، جو خاص طور پر کان کنی کے منصوبوں اور غیر ملکی مفادات کو نشانہ بناتی ہیں۔

متعلقہ کمپنی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، تاہم جانی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

بلوچستان میں امن دشمن سیکیورٹی فورسز، نجی کمپنیوں اور غیر ملکی شہریوں پر حملے کررہے ہیں، جبکہ ریاستی ادارے بھی شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔