حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق 25 اپریل 2026 سے کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 353 روپے 42 پیسے سے بڑھا کر 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی نئی قیمت 366 روپے 58 پیسے سے بڑھ کر 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتیں آئندہ ہفتے تک نافذ العمل رہیں گی۔
دوسری جانب حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ مٹی کا تیل 63 روپے 60 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 365 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 428 روپے 81 پیسے فی لیٹر تھی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حتی الامکان خود برداشت کیا، تاہم موجودہ مالی دباؤ کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو مہنگائی کے مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


