اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹمین نے کینیڈا میں پیش آنے والے ایک ہولناک فائرنگ کے واقعے سے قبل مشتبہ شخص کی سرگرمیوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ نہ کرنے پر معذرت کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 18 سالہ جیسی وان روٹ سیلار نے رواں برس 10 فروری کو کینیڈا کے علاقے ٹمبلر رج میں فائرنگ کر کے 8 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور کی والدہ، سوتیلا بھائی اور مقامی اسکول کے طلبہ بھی شامل تھے۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
کمپنی کے مطابق حملہ آور کا چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ واقعے سے کئی ماہ قبل جون میں پرتشدد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے کے خدشے پر معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس وقت حکام کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا گیا کیونکہ کمپنی کے خیال میں یہ سرگرمیاں فوری یا واضح خطرہ ثابت نہیں ہو رہی تھیں۔
اپنے خط میں سیم آلٹمین نے اعتراف کیا کہ کمپنی کو اس اکاؤنٹ کی معطلی کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے لکھا کہ میں اس بات پر گہرا افسوس کرتا ہوں کہ ہم نے جون میں معطل کیے گئے اکاؤنٹ کے بارے میں حکام کو اطلاع نہیں دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مقامی کمیونٹی کے دکھ اور نقصان کو تسلیم کرتے ہیں اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں گے۔
یہ معذرت اس وقت سامنے آئی جب ڈیوڈ ایبے اور ٹمبلر رج کے میئر نے اس معاملے پر کمپنی سے وضاحت اور عوامی معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
سیم آلٹمین نے یقین دہانی کرائی کہ اوپن اے آئی آئندہ حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ اس نوعیت کے واقعات کو روکا جا سکے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔











