پی ایس ایل 11 فینز اب پلے آف مقابلے بھی اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ 11 کے پلے آف مرحلے میں شائقین کو اسٹیڈیم میں آکر میچ دیکھنے کی مشروط اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کرکٹ کے شوقین افراد میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری بیان میں محسن نقویحکومت نے باقاعدہ طور پر اس اجازت کی منظوری دے دی ہے۔

تاہم حکومت نے اس کے ساتھ ایک اہم شرط بھی عائد کی ہے۔ شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹیڈیم آنے کے لیے نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ ٹریفک کے دباؤ اور سیکیورٹی خدشات کو کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پلے آف میں شریک چاروں ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت کو تجویز دی تھی کہ پلے آف میچز میں محدود تعداد میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے، جسے اب عملی شکل دے دی گئی ہے۔