پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کا جائزہ لیا جائے تو ایک بار پھر یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ بھاری معاوضوں کے باوجود کارکردگی ہمیشہ رقم کے برابر نہیں ہوتی۔ کئی بڑے نام، جو نیلامی میں کروڑوں روپے کے عوض ٹیموں کا حصہ بنے، لیگ میں اپنی توقعات کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکے۔
اس سیزن میں سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والے کھلاڑیوں میں پاکستان کے اوپنر صائم ایوب شامل رہے، جنہیں نئی فرنچائز حیدرآباد کنگزمین نے 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ تاہم وہ 10 میچز میں صرف 151 رنز بنا سکے۔
اس طرح صائم ایوب حیدر آباد کنگز مین کو فی رن 4 لاکھ 34 ہزار روپے سے زائد کے پڑے ہیں۔
مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ صائم ایوب کی حالیہ ٹی20 انٹرنیشنل کارکردگی بھی تسلسل قائم نہ رکھ سکی۔


