بالی ووڈ کا ایک اور لیجنڈ چلا گیا: نوری اور خدا گواہ سے شہرت پانے والے بھارت کپور چل بسے

بالی ووڈ کے ورسٹائل اور سینئر اداکار بھارت کپور طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی موت کی تصدیق ان کے قریبی دوست اور معروف اداکار اوتار گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کپور گزشتہ تین روز سے علیل تھے اور ممبئی کے سائن اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں ان کے جسم کے مختلف اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اوتار گل کے مطابق اداکار کا انتقال دوپہر 3 بجے ہوا، جبکہ ان کی آخری رسومات شام کو انتہائی سادگی کے ساتھ ادا کی گئیں جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

بھارت کپور نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ہندی سنیما میں کام کیا۔ انہوں نے 70، 80 اور 90 کی دہائیوں میں کئی سپر ہٹ فلموں میں معاون اداکار، ولن اور وکیل کے یادگار کردار نبھائے۔ ان کی مشہور فلموں میں درج ذیل شامل ہیں:

نوری (1979)، لو اسٹوری (1981) غلامی(1985)، آخری راستہ (1986)، خدا گواہ (1992)، رنگ اور برسات جیسی کلاسک فلموں میں اداکاری کےجوہر دکھائے ۔

فلم انڈسٹری کے لیے یہ مہینہ کافی بھاری ثابت ہوا ہے، کیونکہ 12 اپریل کو عظیم گلوکارہ آشا بھوسلے کے انتقال کے بعد یہ دوسرا بڑا جانی نقصان ہے۔ فلم ساز اشوک پنڈت اور دیگر معروف شخصیات نے بھارت کپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔