امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی حالیہ پیشکش سے مطمئن نہیں ہیں، جس میں جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کو جنگ کے خاتمے تک مؤخر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ اس منصوبے سے ناخوش ہیں کیونکہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کا معاملہ ابتدائی مرحلے میں ہی حل کیا جائے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے مشیروں سے ملاقات کے دوران اس پیشکش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
اسی طرح نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹرمپ کے اس منصوبے کو قبول کرنے کے امکانات کم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکہ ایران کی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں جوہری معاملہ حل کیے بغیر ختم کر دیتا ہے تو اس سے مذاکرات میں اس کا ایک اہم دباؤ کمزور ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران کی یہ تجویز وقتی طور پر کشیدگی کم کرنے کی کوشش ہے، تاہم امریکہ ایک جامع معاہدہ چاہتا ہے جس میں جوہری پروگرام سمیت تمام اہم معاملات شامل ہوں۔


