فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں مبینہ طور پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم کی بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن نے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے نام پر سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے پر خورد برد کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
ایک شہری کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ایم ایس کیئر سروسز کنسورشیم اور ایف ڈبلیو ایم سی کے اہم افسران کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کمپنی کے افسران پر مبینہ طور پر ایک فرضی کمپنی کے ذریعے کروڑوں روپے کے فنڈز حاصل کرنے ، سرکاری افسران نے عہدوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد حاصل کیے ۔ اس کے علاوہ تعیناتیوں اور مشینری کی تنصیب کے ریکارڈ میں سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں ۔
اینٹی کرپشن حکام نے معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ کمپنی اور ایف ڈبلیو ایم سی سے تمام مالیاتی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











