عروج پر کسی نے نہ پہچانا: رجنی کانت نے زندگی بدل دینے والا واقعہ سنا دیا

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت نے ایک ایسا واقعہ بیان کیا ہے جس نے ان کی شہرت سے متعلق سوچ کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا۔ اداکار نے کہا کہ ایک موقع پر عوامی مقام پر کسی نے انہیں پہچانا تک نہیں، جس سے ان کی انا کو شدید دھچکا پہنچا۔

بھارتی نیوز ویب سائیٹ پنک ولا کے مطابق رجنی کانتھ نے ایک ہندو مذہبی رہنما سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے اور انہیں یقین تھا کہ جہاں بھی جائیں گے لوگ فوراً انہیں پہچان لیں گے۔ وہ ایک آشرم کے دورے پر جانے میں ہچکچا رہے تھے کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ وہاں موجود لوگ ان کے گرد جمع ہو جائیں گے، تصاویر بنوائیں گے اور شور مچ جائے گا۔

رجنی کانت کے مطابق وہاں ہزاروں افراد موجود تھے، جن میں کئی لوگ تامل ناڈو سے بھی آئے ہوئے تھے، لیکن حیران کن طور پر کسی ایک شخص نے بھی انہیں پہچاننے کی کوشش نہیں کی۔ وہ لوگوں کی طرف ہاتھ ہلا رہے تھے مگر کسی نے ان کی طرف دیکھا تک نہیں۔ نہ کسی نے تصویر کی فرمائش کی اور نہ آٹوگراف مانگا۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ یہ واقعہ ان کے لیے ایک بڑا حقیقت پسندانہ سبق ثابت ہوا۔ ان کے بقول انہوں نے اپنی زندگی میں کئی سیاست دانوں اور صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں، مگر اس تجربے نے ان کی انا کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔