بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے نے اپنے شوہر سورج نمبیار کے ساتھ طلاق کی گردش کرتی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر علیحدگی کی خبروں کے پھیلنے کے بعد اداکارہ نے لوگوں اور میڈیا سے ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ مونی رائے اور سورج نمبیار نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کر دیا ہے، جس کے بعد ان کی ازدواجی زندگی میں اختلافات کی افواہیں تیزی سے پھیل گئیں۔ صورتحال اس وقت مزید موضوعِ بحث بن گئی جب سورج نمبیار نے عارضی طور پر اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا۔
افواہوں میں اضافے کے بعد مونی رائے نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مختصر مگر واضح پیغام جاری کیا۔ اداکارہ نے لکھا کہ میڈیا ادارے جھوٹی کہانیاں شائع کرنے سے گریز کریں اور انہیں ذاتی زندگی کے لیے کچھ پرائیویسی اور وقت دیا جائے۔
مونی رائے اور سورج نمبیار کی پہلی ملاقات 2019 میں دبئی میں نئے سال کی تقریبات کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں نے طویل عرصے تک اپنے تعلق کو نجی رکھا اور بعد ازاں 27 جنوری 2022 کو گوا میں شاندار شادی کی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ ان کی شادی میں دونوں خاندانوں کی ثقافتی روایات کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
ذاتی زندگی کے علاوہ دونوں نے کاروباری میدان میں بھی ساتھ کام کیا اور ایک عالمی تعلیمی پلیٹ فارم کے قیام کے ساتھ ساتھ ممبئی میں ایک ریسٹورنٹ بھی شروع کیا۔


