مجھے کسی کو اپنی اہمیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں : کوہلی

ویرات کوہلی نے واضح کیا ہے کہ وہ اب کرکٹ کسی کو اپنی صلاحیت یا اہمیت ثابت کرنے کے لیے نہیں بلکہ صرف کھیل سے محبت کی خاطر کھیل رہے ہیں۔ بھارتی اسٹار بیٹر نے کہا کہ اگر کسی ماحول میں انہیں بار بار اپنی قدر ثابت کرنا پڑے تو وہ ایسی جگہ کا حصہ بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہش مند ہیں، تاہم ان کے لیے سب سے اہم چیز اعتماد اور واضح مؤقف ہے۔ اگر میں کھیل رہا ہوں تو ظاہر ہے میں کرکٹ جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ بھارت کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا ایک شاندار احساس ہے۔ لیکن اگر مجھے یہ محسوس کروایا جائے کہ مجھے اپنی اہمیت اور قابلیت ثابت کرنی ہے تو پھر وہ جگہ میرے لیے نہیں۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ ہر میچ میں مکمل محنت اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ اگر مجھے ون ڈے میچ میں 40 اوورز تک باؤنڈری سے باؤنڈری دوڑنا پڑے تو میں بغیر شکایت ایسا کروں گا، کیونکہ میری تیاری اسی معیار کی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں اپنی زندگی اسی ڈسپلن کے ساتھ گزارتا ہوں۔ میں صرف کسی سیریز سے پہلے محنت شروع نہیں کرتا بلکہ پورا سال خود کو تیار رکھتا ہوں۔ اگر آپ مجھے کھیلنے کے لیے بلائیں تو میں ہمیشہ تیار ہوں۔

ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ میں اب صرف اس لیے کھیلتا ہوں کیونکہ مجھے بیٹنگ سے محبت ہے۔ جب لوگ چیزوں کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنانا شروع کردیتے ہیں تو پھر یا تو صاف اور ایمانداری سے بات کریں یا مجھے خاموشی سے کھیلنے دیں۔