ہسپانوی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے اسپین کی ٹیکس اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ وہ شکیرا کو 5 کروڑ 50 لاکھ یورو سے زائد رقم واپس کرے۔
اے ایف پی کے مطابق عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ٹیکس حکام یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ شکیرا نے 2011 میں اسپین میں 183 دن سے زیادہ قیام کیا تھا، جو کسی شخص کو اسپین میں ٹیکس رہائشی قرار دینے کے لیے قانونی حد سمجھی جاتی ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شکیرا صرف 163 دن اسپین میں رہیں، اس لیے انہیں اس سال کے لیے اسپین کا ٹیکس رہائشی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
فیصلے کے تحت اسپین کی ٹیکس ایجنسی کو شکیرا سے وصول کیے گئے تمام ٹیکس، جرمانے اور قانونی سود واپس کرنا ہوں گے۔ مجموعی رقم 55 ملین یورو سے زیادہ بنتی ہے۔ اس میں تقریباً 24 ملین یورو انکم ٹیکس، 25 ملین یورو جرمانےاور اضافی سود شامل ہے۔
شکیرا نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے آخرکار حقیقت واضح کر دی۔ برسوں تک میری ساکھ تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف کارروائی کو میڈیا میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا اور انہیں عوامی طور پر بدنام کیا گیا۔
شکیرا اس سے پہلے بھی اسپین میں ٹیکس مقدمات کا سامنا کر چکی ہیں۔ 2023 میں انہوں نے ایک الگ کیس میں عدالت سے بچنے کے لیے معاہدہ کیا تھا اور تقریباً 7.8 ملین یورو جرمانہ ادا کیا تھا۔
اسپین حالیہ برسوں میں کئی مشہور شخصیات کے خلاف ٹیکس کارروائیاں کر چکا ہے، جن میں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل ہیں۔


