شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن؛ 22 خوارج ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاعات پر آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 17 مئی سے شروع کیے گئے ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ہلاک دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مؤثر محاصرہ کرلیا ہے جبکہ کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

خوارج نے مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور شہریوں کو ڈرا دھمکا کر محفوظ راستہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ شہری جانوں کو خطرے میں ڈالنا قابل مذمت عمل ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی ۔