گووندا کے گارڈز اور فوٹوگرافر بیچ سڑک پر لڑ گئے، اداکار کو بیچ بچاؤ کرنا پڑ گیا

بالی ووڈ کے ہیرو نمبر 1 یعنی گووندا ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، لیکن اس بار وجہ کوئی فلم نہیں بلکہ ایک ایونٹ کے باہر ہونے والا ہنگامہ ہے۔ حال ہی میں ایک تقریب کے دوران مداحوں کے بھاری رش میں گووندا کے باؤنسر اور میڈیا فوٹوگرافرز (پیپرازی) کے درمیان سخت تو تکار ہو گئی، جس کے بعد موقع پر تناؤ پیدا ہو گیا۔

ایونٹ ختم ہونے کے بعد جب گووندا باہر نکل رہے تھے، تو مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا۔ اداکار کو محفوظ نکالنے کی کوشش میں باؤنسرز نے راستہ بنانا شروع کیا، جس کے دوران میڈیا رپورٹرز اور کچھ لوگوں کو مبینہ طور پر زور کا دھکا لگ گیا۔

اس بدسلوکی پر وہاں موجود میڈیا کے لوگ بھڑک اٹھے اور باؤنسرز سے بحث شروع ہو گئی۔ معاملہ بڑھتا دیکھ کر گووندا نے خود مداخلت کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گووندا دونوں فریقین کو پرامن کرتے ہوئے انتہائی نرمی سے کہتے نظر آ رہے ہیں ۔۔ سر جی،، رہنے دو۔۔

تنازع سے ہٹ کر، گووندا کے مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر بھی ہے۔ وہ جلد ہی شلپا شیٹی کے کوکنگ ریئلٹی شو “ماں ہے نا” میں نظر آنے والے ہیں۔ دراصل اس شو میں ان کی بیٹی ٹینا آہوجا اپنی والدہ سنیتا کے ساتھ حصہ لے رہی تھیں۔ لیکن سنیتا کی عدم موجودگی کی وجہ سے اب شو کی ٹیم نے گووندا کو مدعو کیا ہے۔ حال ہی میں سیٹ سے گووندا، ٹینا اور شلپا کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔