پی سی بی کا بڑا دھماکا: محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم سے بھی ڈراپ کرنے کی تیاری

آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز 30 مئی سے شروع ہو رہی ہے۔ مہمان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ سیریز کے میچز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔

اس سیریز کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 22 مئی سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جہاں کھلاڑی مشقوں کے ساتھ ساتھ ایک پریکٹس میچ بھی کھیلیں گے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب سابق کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان کو ون ڈے اسکواڈ سے بھی ڈراپ کرنے کے خواہشمند ہیں، جس کے باعث سیریز میں بالکل نئے وکٹ کیپرز کو آزمائے جانے کا قوی امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ون ڈے سیریز کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں مرزا سعد بیگ اور عثمان خان بطور وکٹ کیپر شامل ہیں، جبکہ بنگلا دیش میں ون ڈے سیریز کھیلنے والے نوجوان وکٹ کیپر غازی غوری کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اوپننگ بیٹرز فخر زمان اور صائم ایوب اس اہم سیریز کے لیے سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔