ماؤنٹ ایورسٹ پر قومی پرچم: سلمان عتیق چوٹی سر کرنے والے 13ویں پاکستانی

:
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کامیابی سے سر کر کے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔

سلمان عتیق جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 39 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے، جہاں انہوں نے قومی پرچم لہرا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے 13 ویں پاکستانی بن گئے۔

نیپال حکومت کی جانب سے رواں سال جاری کیے گئے 464 پرمٹس میں سلمان عتیق واحد پاکستانی کوہ پیما تھے، جنہوں نے دنیا بھر کے 80 ممالک سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کے درمیان یہ منفرد اعزاز حاصل کیا۔

سلمان عتیق پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینئر ہیں اور ٹیلی کام کے شعبے میں 25 برس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ گزشتہ برس نیپال میں دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماناسلو بھی کامیابی سے سر کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا تاریخی سلسلہ سال 2000 میں معروف کوہ پیما نذیر صابر نے شروع کیا تھا، اور اب سلمان عتیق نے اس تاریخ میں ایک اور روشن باب کا اضافہ کر دیا ہے۔