پاکستان کے سرکاری میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج سرکاری دورے پر ایرانپہنچے ہیں، جہاں وہ ایرانی قیادت سے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔
دورۂ ایران کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران-امریکہ مذاکرات، مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال، خطے میں امن و استحکام اور باہمی سکیورٹی تعاون سے متعلق اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران وہ اعلیٰ ایرانی سیاسی اور عسکری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے سویڈن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران جا رہے ہیں اور امریکہ ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے اور واشنگٹن کو امید ہے کہ تہران کے ساتھ جلد کوئی اہم معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی پہلی ترجیح ایران کے ساتھ ڈیل ہے، تاہم اب فیصلہ ایران کو کرنا ہے کہ وہ معاہدے کی جانب بڑھتا ہے یا نہیں۔
دفاعی اور سفارتی حلقے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں، جبکہ مبصرین کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔


