امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے میں خطرناک کیمیکل سے بھرے ایک بڑے ٹینک کے پھٹنے یا لیک ہونے کے خدشے کے باعث تقریباً 40 ہزار افراد کو گھروں سے فوری انخلا کا حکم دے دیا گیا۔
حکام کے مطابق جی کے این ایرواسپیس کے پلانٹ میں موجود ایک ٹینک میں تقریباً 7 ہزار گیلن میتھائل میتھاکریلیٹ نامی انتہائی آتش گیر کیمیکل موجود ہے، جو پلاسٹک کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ پلانٹ گارڈن گروو میں واقع ہے، جو لاس اینجلس سے تقریباً 49 کلومیٹر دور ہے۔
اورنج کاؤنٹی فائر اتھارٹی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ٹینک یا تو پھٹ سکتا ہے یا لیک ہو کر زہریلی گیس کا بادل پیدا کر سکتا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں صورتیں خطرناک ہیں، تاہم لیک ہونے کی صورت میں ہنگامی ٹیمیں حفاظتی لباس پہن کر کیمیکل کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش کر سکیں گی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ فائرفائٹرز نے محفوظ فاصلے سے ٹینک کا درجہ حرارت کم کر کے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے وقت حاصل کیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ہزاروں افراد نے اب تک علاقہ خالی کرنے سے انکار کیا ہے۔ مقامی میئر اسٹیفنی کلوپفینسٹین نے شہریوں سے فوری انخلا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنگین صورتحال ہے اور مزید انتظار خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
واقعے کے باعث ایک درجن سے زائد اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ انخلا کا حکم کب تک برقرار رہے گا۔


