مناسکِ حج کے دوران گرد آلود طوفان اور شدید گرمی کی پیشگوئی

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ کے درمیان سڑکوں پر موسم نسبتاً مستحکم رہے گا، تاہم دن کے وقت شدید گرمی برقرار رہے گی۔

اندازے کے مطابق مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جبکہ مدینہ منورہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ نمی کی شرح تقریباً 40 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

سعودی حکام نے عازمینِ حج کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی تیاری مکمل رکھیں، پانی اور ضروری اشیاء ساتھ رکھیں اور گرمی سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ کھلے میدانوں اور سفر کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے، جبکہ موسم کی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال تقریباً 16 لاکھ سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ میں جمع ہوں گے، جو دنیا کے سب سے بڑے سالانہ مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی موسمیاتی مرکز مسلسل موسم کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ حجاج کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اگرچہ حج کے بنیادی مناسک مکہ اور اس کے اطراف میں ادا کیے جاتے ہیں، تاہم کئی عازمین حج کے بعد یا پہلے مدینہ منورہ کا رخ بھی کرتے ہیں، جہاں مسجد نبوی اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جاتی ہے۔