شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 11 خوارج ہلاک

پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک کردیئےہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔

فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے خوارج مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔