سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلیہ کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر وین سڑک کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرائی۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس کراچی سے بونیر جارہی تھی اور تکنیکی یا دیگر وجوہات کی بنا پر سڑک کے کنارے کھڑی تھی، اسی دوران راولپنڈی سے دیر جانے والی مسافر وین پیچھے سے آکر بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ متعدد مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ وین ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔


