بالی ووڈ کی متوقع فلم ڈان 3 سے اچانک علیحدگی اختیار کرنے پر رنویر سنگھ مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، جہاں بھارتی فلم انڈسٹری کی تنظیم نے اداکار کے خلاف عدم تعاون نوٹس جاری کرتے ہوئے ان پر عملی پابندی عائد کر دی ہے۔
فلم فیڈریشن کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق جب تک معاملہ حل نہیں ہوتا، فیڈریشن سے وابستہ کارکنان اور تکنیکی عملہ رن ویر سنگھ کے کسی بھی پروجیکٹ میں کام نہیں کرے گا۔
اس تنازع پر اب بالی ووڈ شخصیات کے ردعمل بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ معروف اداکار منوج باجپائی نے اپنی آنے والی فلم گورنر کے ٹریلر لانچ ایونٹ کے دوران اس معاملے پر محتاط ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے بیشتر لوگ اس معاملے کے بارے میں صرف سوشل میڈیا کے ذریعے جانتے ہیں اور کسی کے پاس مکمل تفصیلات موجود نہیں۔
منوج باجپائی کے مطابق بطور ساتھی فنکار وہ صرف یہی امید رکھتے ہیں کہ معاملہ جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
دوسری جانب فلم پروڈیوسر سنجےگپتا نے بھی پابندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی اے لسٹ ہیرو کی شوٹنگ ہوتی ہے تو سیٹ پر 300 سے زائد افراد روزگار حاصل کر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی اداکار پر پابندی لگائی جاتی ہے تو اس کا اثر صرف اسٹار پر نہیں بلکہ سینکڑوں ورکرز کی روزی روٹی پر بھی پڑتا ہے۔
فرحان اختر نے رنویر سنگھ کو نئے ڈان کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ فلم کا ایک پروموشنل ویڈیو بھی جاری کیا گیا تھا جس نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی۔تاہم بعد ازاں فلم کی پروڈکشن میں تاخیر ہوئی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق رن ویر سنگھ نے تخلیقی اختلافات کے باعث فلم سے خود کو الگ کر لیا۔
اداکار اپنے کردار کو زیادہ سنجیدہ، جارحانہ اور انٹینس انداز میں پیش کرنا چاہتے تھے، جبکہ فلم کے میکرز اس وژن سے متفق نہیں تھے۔
اب رنویر سنگھ کی علیحدگی اور ان پر لگنے والی پابندی نے بالی ووڈ میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ شائقین یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ ڈان 3 میں آخر نئے ڈان کے روپ میں کون نظر آئے گا۔


