ٹیکنالوجی دنیا کی معروف کمپنی ایپل کئی برسوں کی قیاس آرائیوں کے بعد رواں سال اپنا پہلا فولڈیبل آئی فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کے نام سے پیش کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اس ڈیوائس کی لانچنگ حکمت عملی میں اہم تبدیلی کی ہے۔ پہلے اطلاعات تھیں کہ ایپل ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ہی فولڈیبل آئی فون بھی متعارف کرائے گا، تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ آئی فون الٹرا کو نومبر میں الگ ایونٹ کے دوران پیش کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ایپل یہ فیصلہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کر رہا ہے تاکہ آئی فون 18 Pro سیریز کو لانچ کے بعد مکمل توجہ اور بہتر فروخت کا موقع مل سکے۔ کمپنی نہیں چاہتی کہ فولڈیبل آئی فون کی غیرمعمولی مقبولیت کے باعث اس کے نئے پرو ماڈلز پس منظر میں چلے جائیں۔
ایپل اب تک فولڈیبل اسمارٹ فونز کی دوڑ سے دور رہا ہے، جبکہ ہواوے، سام سنگ اور دیگر کمپنیاں اس شعبے میں کئی ماڈلز متعارف کرا چکی ہیں۔اب توقع کی جا رہی ہے کہ ایپل اپنی منفرد ڈیزائن حکمت عملی کے ساتھ مارکیٹ میں بڑا اثر ڈال سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون الٹرا کا ڈیزائن دیگر فولڈیبل فونز کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہوگا، جو اسے منفرد شناخت دے سکتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سام سنگ بھی اسی طرز کے وائیڈ فولڈیبل فون پر کام کر رہا ہے تاکہ ایپل کے ممکنہ چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکے۔
غیر مصدقہ لیکس کے مطابق فولڈیبل آئی فون میں 7.8 انچ کا مین ڈسپلے اور 5.5 انچ کا کور ڈسپلے دیا جا سکتا ہے۔یہ ڈیوائس ممکنہ طور پر طاقتور اے20پرو چپ سیٹ سے لیس ہوگی اور آئی اوایس 27 کے ساتھ متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ میں چار کیمرے شامل ہونے کی توقع ہے، جن میں دو فرنٹ اور دو ریئر کیمرے ہوں گے۔ اس کے علاوہ 5800ایم اےایچ بیٹری دیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جو ایپل کے موجودہ آئی فون ماڈلز کے مقابلے میں بڑی بیٹری سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم یہ تمام معلومات تاحال غیر سرکاری رپورٹس اور لیکس پر مبنی ہیں۔ ایپل کی جانب سے ابھی تک آئی فون الٹرا یا کسی فولڈیبل آئی فون کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔


