ارجنٹائن کا ورلڈ کپ مشن: انجری خدشات کے باوجود میسی کپتان مقرر

لیونل میسی ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی قیادت کریں گے۔ قومی ٹیم کے کوچ لیونل اسکالونی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کر دی۔

اے ایف پی کے مطابق 38 سالہ میسی کے لیے یہ کیریئر کا ریکارڈ ساز چھٹا ورلڈ کپ ہوگا۔ اگرچہ میسی نے پہلے باضابطہ طور پر شرکت کی تصدیق نہیں کی تھی، لیکن شائقین کو امید تھی کہ وہ 2022 قطر ورلڈ کپ کی تاریخی فتح کے بعد ایک مرتبہ پھر ارجنٹینا کی قیادت کریں گے۔

اسکواڈ کے اعلان سے قبل میسی کی فٹنس پر خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ ان کے کلب انٹر میامی سی ایف نے حالیہ میڈیکل رپورٹس میں بتایا تھا کہ میسی بائیں ہیم اسٹرنگ میں عضلاتی تھکن کا شکار ہیں۔ تاہم کوچ اسکیلونی نے انجری کو زیادہ سنگین قرار نہیں دیا۔

دوسری جانب کرسچین روماریو بھی انجری کے باوجود اسکواڈ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ ٹوٹنہم کے کپتان گھٹنے کی تکلیف کے باعث گزشتہ ماہ سے میدان سے باہر تھے۔

اسکواڈ میں سب سے حیران کن بات نوجوان اسٹار فرانکو ماستنتونو کی عدم شمولیت رہی۔ 18 سالہ مڈفیلڈر کو ارجنٹائن فٹبال کا مستقبل تصور کیا جا رہا تھا، لیکن انہیں حتمی فہرست میں جگہ نہ مل سکی۔

ارجنٹینا نے قطر ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے 26 میں سے 17 کھلاڑی برقرار رکھے ہیں، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں نکولس پاز اور ویلنٹین بارکو کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

ٹیم ورلڈ کپ سے قبل امریکہ میں دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔ ارجنٹینا 6 جون کو ہونڈوراس جبکہ 9 جون کو آئس لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 11 جون سے ہوگا جبکہ ارجنٹینا اپنا پہلا میچ 16 جون کو الجزائر کے خلاف کھیلے گا۔