پاک فوج کے دستے دنیا کے خطرناک علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ​بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے دور میں اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

​ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات سرانجام دینے والے، اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ ہم ان 183 پاکستانی اہلکاروں کی شجاعت اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ​گزشتہ چھ دہائیوں سے پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ اہلکار بھیجنے والے ممالک میں شامل ہے۔ 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد پاکستانی اہلکاروں نے چار براعظموں کے 48 یو این مشنز میں امتیازی خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستانی خواتین بھی ان مشنز میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ خدمات اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ پاکستان کے پائیدار عزم کی عکاس ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ​پاکستان اقوام متحدہ کے سب سے پرانے امن مشنز میں سے ایک اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان کا میزبان بھی ہے۔ اس مشن کی مسلسل موجودگی اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ​تنازعات سے متاثرہ خطوں میں، اقوام متحدہ کے امن دستے شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کو ممکن بناتے ہیں تاکہ ہسپتال، اسکول اور بنیادی عوامی خدمت کے ادارے اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ ان کا کام تنازعات اور نقل مکانی سے متاثرہ برادریوں کے لیے امید کا باعث بنتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ​بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے اس دور میں، اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لئے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے تمام امن دستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔