آئی سی سی میں اہم تقرری: ڈاکٹر روز سی آزاد ڈائریکٹر مقرر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ڈاکٹر روز سی ریواز کو بورڈ میں بطور آزاد ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے، جہاں وہ ابتدائی طور پر تین سالہ مدت کے لیے خدمات انجام دیں گی، جس میں مزید تین سال کی توسیع بھی ممکن ہوگی۔

آئی سی سی کے مطابق ڈاکٹر ریواز اس وقت انگلین واٹر کی چیئر اور یورپ میں قائم میٹریل سائنس کمپنیوں ایپیرام ایس اے اور ویکٹریکس پی ایل سی کی لیڈ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہیں کارپوریٹ اداروں میں اسٹریٹجی، رسک اور کارکردگی کے انتظام کے حوالے سے وسیع تجربہ حاصل ہے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق ڈاکٹر ریواز اپنے کیریئر کے دوران مختلف ادارہ جاتی بورڈز کا فعال حصہ رہی ہیں اور حکومتی، تجارتی اور سماجی شعبوں میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہی ہیں۔ ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ گورننس، کارپوریٹ اسٹریٹجی اور آپریشنل بہتری کی مضبوط سمجھ رکھتی ہیں، جبکہ تنوع اور شمولیت کے فروغ کے لیے بھی سرگرم رہی ہیں۔

وہ مختلف سماجی اور تعلیمی منصوبوں سے بھی وابستہ رہی ہیں، جن میں نوجوان خواتین میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کے فروغ کی مہمات، یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن کی کونسل کی چیئر شپ اور واٹر ایڈ جیسے فلاحی اداروں کے ساتھ شمولیت شامل ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر ریواز نے کہا کہ وہ اس اہم وقت میں آئی سی سی بورڈ کا حصہ بننا اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق کرکٹ دنیا بھر میں تیزی سے نئی کمیونٹیز تک پہنچ رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی چیئرمین اور دیگر بورڈ اراکین کے ساتھ مل کر کھیل کی مزید ترقی، مضبوط گورننس اور شفاف فیصلوں کے فروغ کے لیے کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔