یوٹیوب نے اپنے پریمیم صارفین کے لیے پوڈکاسٹ سننے کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے مقصد سے کئی نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ ان اپ ڈیٹس میں آن دی گو موڈ ، آٹو اسپیڈ اور مصنوعی ذہانت (اےآئی) پر مبنی آسک میوزک فیچر شامل ہیں، جن کا مقصد صارفین کو زیادہ آسان، ذاتی نوعیت کا اور مؤثر آڈیو تجربہ فراہم کرنا ہے۔
یوٹیوب کا نیا آن دی گو موڈ خاص طور پر ان صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے جو پوڈکاسٹ دیکھنے کے بجائے سننا پسند کرتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے پلے بیک کنٹرولز تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جاتی ہے، جس سے صارفین چند ٹیپس کے ذریعے پوڈکاسٹ کو آگے یا پیچھے کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر سفر، واک، ورزش یا دیگر مصروفیات کے دوران بھی پوڈکاسٹ سننے کو آسان بناتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ایپس استعمال کرتے ہوئے بھی آڈیو بغیر رکاوٹ کے چلتی رہتی ہے۔ فی الحال یہ سہولت اینڈرائیڈ پر یوٹیوب پریمیم صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آئی فون صارفین کے لیے جلد متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔
یوٹیوب نے آٹو اسپیڈ نامی ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے جو پوڈکاسٹ کے مواد اور گفتگو کی رفتار کو سمجھتے ہوئے خودکار طور پر پلے بیک اسپیڈ کو ایڈجسٹ کرتا ہے۔
اگر گفتگو سست ہو تو یہ رفتار بڑھا سکتا ہے، جبکہ اہم یا پیچیدہ معلومات والے حصوں میں اسپیڈ کم کر دیتا ہے تاکہ صارفین کوئی ضروری بات نہ چھوڑیں۔ اس سے کم وقت میں زیادہ مواد سننا ممکن ہو سکے گا اور معلومات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے گا۔
یوٹیوب نے اپنے آسک میوزک فیچر کو بھی اپ گریڈ کیا ہے۔ اب یہ صرف موسیقی ہی نہیں بلکہ صارفین کی دلچسپی، موڈ اور سننے کی عادات کی بنیاد پر پوڈکاسٹس بھی تجویز کرے گا۔
صارفین کو صرف یہ بتانا ہوگا کہ وہ کس قسم کا مواد سننا چاہتے ہیں، جس کے بعد اےآئی ان کے لیے موزوں پوڈکاسٹس اور شوز کی سفارش کرے گا۔ یہ فیچر فی الحال چند منتخب ممالک میں یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب پریمیم صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچرز کو مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ آن دی گو موڈ اور آٹو اسپیڈ اس وقت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہیں، جبکہ آئی اوایس سپورٹ جلد شامل کی جائے گی۔ دوسری جانب اےآئی پر مبنی پوڈکاسٹ سفارشات والا فیچر فی الحال محدود ممالک تک دستیاب ہے۔
ماہرین کے مطابق ان اپ ڈیٹس سے یوٹیوب پوڈکاسٹ مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور صارفین کو زیادہ اسمارٹ، ذاتی نوعیت کا اور سہل تجربہ فراہم کرنا چاہتا ہے۔











