اہم ترین

برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے اداکار کولم ٹرنر سے شادی کر لی

عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاپ گلوکارہ دعا لیپا اور معروف برطانوی اداکار کولم ٹرنر نے لندن میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے نے 31 مئی کو لندن کے تاریخی اولڈ میریلیبون ٹاؤن ہال میں سول میرج کی تقریب منعقد کی، جس میں صرف قریبی اہل خانہ اور چند قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس میں شائع ہونے والی تصاویر کے مطابق شادی کی تقریب نہایت سادہ مگر پُروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ 30 سالہ دعا لیپا نے اس موقع پر سفید رنگ کا خوبصورت لباس اور ہیٹ پہن رکھی تھی، جسے معروف فرانسیسی فیشن ہاؤس شیاپاریلی نے ڈیزائن کیا تھا، جبکہ 36 سالہ کولم ٹرنر گہرے نیلے رنگ کے سوٹ میں ملبوس تھے۔

شادی کے بعد جوڑا اپنی خوشیوں کو مزید یادگار بنانے کے لیے آئندہ دنوں میں اٹلی کے خوبصورت جزیرے سسلی میں تین روزہ خصوصی تقریبات کا اہتمام کرے گا، جہاں خاندان کے افراد، دوست احباب اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ تاہم دونوں شخصیات کے نمائندوں نے تاحال شادی یا مجوزہ تقریبات کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

دعا لیپا اور کالم ٹرنر کے درمیان تعلقات کی خبریں پہلی مرتبہ جنوری 2024 میں سامنے آئی تھیں۔ بعد ازاں دونوں کو متعدد تقریبات اور عوامی مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے تعلقات مضبوط ہونے کی تصدیق ہوئی۔ گزشتہ سال برطانوی فیشن میگزین ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعا لیپا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور کالم ٹرنر مستقبل میں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دعا لیپا کا شمار موجودہ دور کی کامیاب ترین پاپ گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ کوسووو سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن خاندان میں پیدا ہونے والی دعا لیپا نے 2016 میں اپنے مقبول گانے “بی دی ون” کے ذریعے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں ان کے متعدد گانے بین الاقوامی میوزک چارٹس میں سرفہرست رہے، جبکہ وہ کئی گرامی ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔

دوسری جانب کالم ٹرنر برطانیہ کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہالی ووڈ کی مقبول فلم سیریز فنٹاسٹک بیسٹ میں اپنی اداکاری سے عالمی شناخت حاصل کی۔ فلمی حلقوں میں انہیں مستقبل میں جیمز بانڈ کے کردار کے لیے ممکنہ امیدواروں میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

دعا لیپا اور کالم ٹرنر کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جبکہ یہ خبر بین الاقوامی شوبز میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پاکستان