اہم ترین

فرانس میں چیمپیئنز لیگ فائنل میں پی ایس جی کی فتح کے بعد ہنگامے: سیکڑوں افراد گرفتار

فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی یوئیفا چیمپئینز لیگ کے فائنل میں آرسینل کے خلاف فتح کے بعد فرانس بھر میں ہونے والی جشن کی تقریبات کئی مقامات پر پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوگئیں، جس کے نتیجے میں 780 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک نوجوان ہلاک اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔

اےایف پی کےمطابق پی ایس جی کی کامیابی کے بعد ہزاروں شائقین پیرس سمیت مختلف شہروں کی سڑکوں پر نکل آئے۔ تاہم جشن کے دوران بعض مقامات پر مشتعل ہجوم اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔

فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 22 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپوں کے دوران 57 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 219 افراد زخمی ہوئے، جن میں آٹھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پیرس پراسیکیوٹر آفس کے مطابق بیس سالہ ایک نوجوان اس وقت ہلاک ہوگیا جب اس کی موٹوکراس موٹر سائیکل پیرس رنگ روڈ کے ایک ایگزٹ پر کنکریٹ رکاوٹوں سے ٹکرا گئی۔ اس کے علاوہ ایک اور نوجوان مبینہ ڈکیتی کے دوران چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہوا۔

حکام کے مطابق فرانس کے کم از کم 71 شہروں اور قصبوں میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ تقریباً 15 شہروں میں لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں بھی سامنے آئیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں گرفتاریوں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پی ایس جی کی کامیابی کے سلسلے میں اتوار کو ایفل ٹاور کے قریب فتح کی خصوصی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع تھی۔ بعد ازاں ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایلیزے پیلس میں ایمانوئل میکرون سے ملاقات بھی طے تھی۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر جشن کے دوران دوبارہ شاہراہوں یا رنگ روڈز پر رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر تقریباً 6 ہزار اضافی پولیس اہلکار اور جینڈارمز تعینات کیے گئے ہیں۔

پیرس کے آٹھویں ضلع کے میئر، جہاں مشہور شانزے لیزے واقع ہے، نے مزید تشدد سے بچنے کے لیے اس شاہراہ پر عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی تجویز دی۔ مقامی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہفتہ کی رات شانزے لیزے اور اس کے اطراف کا علاقہ جشن کی جگہ کے بجائے شہری گوریلا جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جشن کی باقی تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ پی ایس جی کی تاریخی کامیابی مزید ناخوشگوار واقعات کی نذر نہ ہو۔

پاکستان