آئی سی سی کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا تجربہ:خراب روشنی میں گلابی گینداستعمال کی اجازت

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے اثرات کم کرنے کے لیے ایک اہم تجربے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ضرورت پڑنے پر میچ کے دوران سرخ گیند کی جگہ گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔

آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی سفارشات کی منظوری کے بعد کیا گیا، تاہم اس کے نفاذ کے لیے دونوں ٹیموں کی باہمی رضا مندی لازمی ہوگی۔ اب تک گلابی گیند صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال ہوتی تھی، مگر نئے تجربے کا مقصد خراب روشنی میں ضائع ہونے والے اوورز اور کھیل کے وقت کو کم کرنا ہے۔

آئی سی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے روشنی کے نظام پر تحقیق کرے گا تاکہ امپائرز کو بہتر سہولت دی جا سکے، جس میں ایم سی سی کے ساتھ مشترکہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بھی شامل ہوگی۔

اس کے علاوہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کوچز یا نامزد اسٹاف کو ڈرنکس وقفے کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے براہِ راست مشاورت کی اجازت دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے، جو پہلے صرف ڈومیسٹک اور فرنچائز لیگز تک محدود تھی۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ رکھنے اور بیٹرز کو وقت پر میدان میں حاضر رہنے کی ہدایت بھی شامل ہے۔

آئی سی سی نے وائڈ بال کے قوانین میں نرمی اور بولنگ ایکشن کے معاملات میں ہاک آئی ڈیٹا کے استعمال کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کی بھی منظوری دی ہے۔