اہم ترین

چاند، زہرہ اور مشتری کی دلکش ملاقات، رواں ماہ آسمان پر ہوں گے حیرت انگیز نظارے

نظام شمسی اور دیگر فلکیاتی اجسام پرعلمی تحقیق اور دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے جون 2026 غیر معمولی اہمیت کا حامل ثابت ہونے جا رہا ہے، کیونکہ اس ماہ آسمان پر کئی دلکش اور نایاب فلکیاتی مظاہر دیکھنے کو ملیں گے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق جون کے دوران سیاروں کی قربت، چاند اور زہرہ کا منفرد ملاپ اور سیاروں کی پریڈ جیسے حیرت انگیز مناظر آسمان کو سجائیں گے۔

ماہرین کے مطابق 9 جون کے آس پاس زہرہ اور مشتری ایک دوسرے کے انتہائی قریب دکھائی دیں گے۔ سورج غروب ہونے کے بعد مغربی افق پر یہ دونوں روشن سیارے ایک دلکش منظر پیش کریں گے، جسے عام آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

اس کے بعد 15 جون کے قریب سیاروں کی ایک خوبصورت پریڈ دیکھنے کو ملے گی، جس میں عطارد، زہرہ اور مشتری ایک ہی جگہ نمایاں ہوں گے۔

سورج غروب ہونے کے بعد مغربی آسمان پر یہ منظر فلکیات کے شوقین افراد کے لیے خاص کشش کا باعث بنے گا۔

جون کی ایک اور منفرد فلکیاتی جھلک 17 جون کو سامنے آئے گی، جب چاند روشن سیارے زہرہ کے سامنے سے گزرے گا اور کچھ دیر کے لیے اسے اپنی اوٹ میں چھپا لے گا۔ یہ نایاب منظر دنیا کے چند مخصوص حصوں، خصوصاً امریکا، کینیڈا، برازیل اور وینزویلا میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

ناسا کے مطابق بعض علاقوں میں یہ واقعہ دن کی روشنی میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم مشاہدے کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دوربین یا ٹیلی اسکوپ کو سورج کے قریب استعمال کرنا آنکھوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی ماہ 21 جون کو گرمیوں کا آغاز بھی ہوگا، جسے گرمیوں کا انقلاب کہا جاتا ہے۔ اس دن شمالی نصف کرے میں سال کا سب سے طویل دن اور سب سے مختصر رات ریکارڈ کی جاتی ہے۔

پاکستان