بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین پلیئر رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جہاں کچھ قومی ستاروں نے نمایاں بہتری حاصل کی جبکہ بعض کھلاڑی تنزلی کا شکار ہوئے۔
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا دو درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں جگہ بناتے ہوئے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ 10 ٹیسٹ بیٹرز میں کوئی بھی قومی کھلاڑی شامل نہیں۔ تاہم محمد رضوان ایک درجے بہتری کے بعد 20 ویں اور بابر اعظم 21 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹام بنڈل نے بھی شاندار پیش رفت کرتے ہوئے آٹھ درجے ترقی حاصل کی اور 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ کی حکمرانی برقرار ہے، جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ایک درجہ بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے اسپنر نعمان علی ساتویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بلیئر ٹکنر اور نیتھن اسمتھ نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے بالترتیب 54 ویں اور 59 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے رویندرا جدیجا بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پانچ درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ آسٹریلیا کے ٹرویس ہیڈ بھی دو درجے نیچے آ کر 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے کیمرون گرین اور میتھیو رینشا نے نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے بالترتیب 63 ویں اور 78 ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار رہی، تاہم پاکستان کے ابرار احمد نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے سات درجے ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن سنبھال لی۔ قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی چار درجے بہتری کے بعد 13 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چار درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے ۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد 23 ویں اور ابرار احمد 18 درجے بہتری کے ساتھ 44 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے نمایاں کارکردگی ابرار احمد کی رہی، جنہوں نے بولنگ اور آل راؤنڈر دونوں زمروں میں قابلِ ذکر پیش رفت کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔


