مصنوعی ذہانت (اےآئی) کو عام صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے چیٹ جی پی ٹی نے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ نئی رپورٹ کے مطابق یہ دنیا کا تیز ترین ایپ بن گیا ہے جس نے ایک ارب سے زائد ماہانہ فعال صارفین (منتھلی ایکٹیو یوزرز) حاصل کر لیے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں مارکیٹ ریسرچ فرم سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔ تقریباً تین سال قبل متعارف کرائے گئے اس اے آئی چیٹ بوٹ نے یہ کامیابی یوٹیوب، گوگل میپس، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسے مقبول پلیٹ فارمز کے مقابلے میں کم مدت میں حاصل کی ہے۔
اگرچہ چیٹ جی پی ٹی اب بھی عالمی سطح پر اے آئی ایپس میں سرفہرست ہے، تاہم حالیہ مہینوں میں اسے بڑھتے ہوئے مقابلے کا سامنا ہے۔ خصوصاً کلاؤڈ اور جیمنئی جیسے پلیٹ فارمز اس کی مقبولیت کو چیلنج کر رہے ہیں۔
سینسر ٹاور کے مطابق امریکا میں ایسے صارفین جنہوں نے کلاڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کی، ان کے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال میں تقریباً پانچ فیصد کمی دیکھی گئی۔ اگرچہ صارفین کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے کلاڈ ابھی چیٹ جی پی ٹی سے کافی پیچھے ہے، لیکن اس کی ترقی کی رفتار زیادہ تیز ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر کلاڈ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ ہے، جبکہ اس کی سالانہ شرح نمو 640 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے مقابلے میں چیٹ جی پی ٹی کی سالانہ شرح نمو تقریباً 62 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس سال کی دوسری سہ ماہی میں عالمی اے آئی ایپ ڈاؤن لوڈز میں چیٹ جی پی ٹی کا حصہ تقریباً 47 فیصد رہا، جس کے باعث یہ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب گوگل کا جیمنی ڈاؤن لوڈز کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے، تاہم اس کا مارکیٹ شیئر کم ہو کر تقریباً 22 فیصد رہ گیا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی نے اپنی لانچ کے صرف دو ماہ کے اندر 10 کروڑ صارفین حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی اور اسے دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی کنزیومر ایپلی کیشن قرار دیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے باوجود چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت اور اثر و رسوخ بدستور مضبوط دکھائی دیتا ہے، تاہم آنے والے برسوں میں کلاڈ، جیمنی اور دیگر اے آئی پلیٹ فارمز کے درمیان مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔


