بھارت نے افغانستان کو اننگز اور 300 رنز سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کر لی

بھارت نے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو اننگز اور 300 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر اپنی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح اپنے نام کر لی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان شبمن گل کے 126 اور کے ایل راہول کی 100 رنز کی شاندار سنچریوں کی بدولت 8 وکٹوں پر 564 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی۔ افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے 140 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں افغانستان کی پہلی اننگز صرف 152 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ رحمت شاہ نے مزاحمتی 60 رنز بنائے، جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر مناو سوتھر نے 33 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پرسدھ کرشنا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

412 رنز کے خسارے کے باوجود فالو آن کا شکار افغانستان دوسری اننگز میں بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکا اور پوری ٹیم 112 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ صدیق اللہ اٹل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ واشنگٹن سندر نے 36 رنز کے عوض 4 جبکہ کلدیپ یادیو نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

مناو سوتھر نے میچ میں مجموعی طور پر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا، جبکہ بھارتی اسپنرز نے دوسرے روز کے بعد مکمل طور پر میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔