سوشل میڈیا پر شاہانہ زندگی دکھانے والے نان فائلرز ایف بی آر کے ریڈار پر

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال سے سوشل میڈیا پر پرتعیش طرزِ زندگی اور دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مہنگی گاڑیوں، قیمتی جائیدادوں، غیر ملکی سفروں اور شاہانہ طرزِ زندگی کی تشہیر کرنے والے ایسے افراد کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے جو ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے یا اپنی آمدن کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کرتے۔

ایف بی آر ان افراد سے ان کی آمدن، اثاثوں اور مالی وسائل کی تفصیلات طلب کرے گا۔ اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور دیگر مشتبہ افراد کا جامع ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے۔

نجی نیوز چینلز کے مطابق شناخت اور معلومات کے حصول میں نادرا نے بھی معاونت فراہم کی ہے، جبکہ متعلقہ افراد کے اثاثوں، بینکنگ ریکارڈ اور اخراجات سے متعلق معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد اور مالی ریکارڈ کی بنیاد پر ٹیکس قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جا سکے اور ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہو۔

سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور دیگر متعلقہ افراد کو 30 ستمبر تک اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور مالی معاملات کو قانون کے مطابق ریگولرائز کرنے کا موقع دیا جائے گا، جس کے بعد خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔